لاس اینجلس / غزہ:ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ اور انسانی حقوق کی معروف علمبردار اینجلینا جولی (Angelina Jolie) نے ایک بار پھر غزہ کے مظلوم عوام کی آواز بنتے ہوئے تباہ شدہ علاقوں کی دل دہلا دینے والی سیٹلائٹ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، جن میں پورے کے پورے محلے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوتے ہوئے صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔

"تصویریں وہ سب نہیں دکھا سکتیں جو گزر رہی ہے”:
مظلوم فلسطینیوں کی حالتِ زار پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے اینجلینا جولی نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ اگرچہ سیٹلائٹ تصاویر سب کچھ آشکار کر رہی ہیں، لیکن وہ یہ نہیں دکھا سکتیں کہ اس ملبے کے ڈھیر کے درمیان زندگی گزارنا کیسا ہے، ان خاندانوں پر کیا گزری جو لقمہ اجل بن گئے، اور جو لوگ زندہ بچ گئے ہیں ان کا روزمرہ کا عذاب کیسا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ اب یہ فیصلہ کرنے کا وقت ہے کہ آیا دنیا ان بے گھر انسانوں کو سردی کا موسم اس کھلے ملبے میں گزارنے پر مجبور کرتی ہے یا نہیں۔
غزہ کے تباہ حال مکین کھلے آسمان تلے: اینجلینا جولی نے سیٹلائٹ تصاویر شیئر کر کے دنیا کا ضمیر جھنجھوڑ دیا

