لاہور:اپنی منفرد اور وائرل اندازِ بیاں سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی معروف پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار دنانیر مبین نے اداکاری کے بعد اب باقاعدہ طور پر گلوکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ اداکارہ نے اپنے مداحوں کے لیے اپنا پہلا میوزک ٹریک ’ٹچ‘ (Touch) ریلیز کر دیا ہے، جس نے آتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
دنانیر مبین نے اپنے اس نئے اور منفرد پروجیکٹ کی خوشخبری مداحوں تک پہنچانے کے لیے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پروموشنل ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس گانے اور میوزک ٹریک کی تیاری میں ٹیم کی جانب سے خاصی محنت کی گئی ہے، اور انہیں پوری امید ہے کہ شائقین ان کے اس نئے روپ اور گانے کو بھرپور انداز میں پسند کریں گے۔
اس نئے میوزک ٹریک میں دنانیر مبین کے ساتھ نامور گلوکار حیدر مستحسن نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ اس گانے میں تیز اور جاندار ردھم کے ساتھ بھرپور توانائی والے میوزک کو نمایاں کیا گیا ہے، جو اسے روایتی گانوں سے ہٹ کر ایک انتہائی تال میل والا اور جدید پاپ ٹریک بناتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے دنانیر مبین کے اس نئے سفر کو زبردست سراہا جا رہا ہے۔

