واشنگٹن: امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ معروف طیارہ ساز ادارے ’بوئنگ‘ کو امریکی بحریہ (نیوی) کے لیے اگلے دور کے انتہائی خفیہ اور جدید ترین اسٹیلتھ جنگی طیارے (F/A-XX) کی تیاری کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
20 ارب ڈالر مالیت کے اس اہم ترین ترقیاتی معاہدے کے تحت بوئنگ اپنے مدمقابل ادارے ’نارتھروپ گرومین‘ کو شکست دے کر ٹیسٹ ایئرکرافٹ تیار کرے گی۔ وقت کے ساتھ اس پروگرام کی مالیت بڑھ کر سیکڑوں ارب ڈالرز تک جا سکتی ہے،
واضح رہے کہ پینٹاگون کی جانب سے مارچ کے مہینے میں بوئنگ کو ایئر فورس کے نئے اسٹیلتھ فائیٹر ’ایف 47‘ کی تیاری کا ٹھیکہ بھی دیا گیا تھا، جس کے بعد یہ لگاتار دوسرا سال ہے جب بوئنگ نے چھٹی نسل کے جنگی طیاروں کا یہ انتہائی منافع بخش اور اسٹریٹجک معاہدہ اپنے نام کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بحری جہازوں پر اترنے والے فائیٹرز کی تیاری کا طویل تجربہ بوئنگ کے حق میں گیا، جس کی مدد سے وہ سپر ہارنیٹ طیاروں کی جگہ لینے والے اس نئے شاہکار کو میدان میں اتارے گا۔
امریکی بحریہ کو یہ قدم اٹھانا اس لیے بھی ضروری تھا کیونکہ چین تیزی سے اپنی فضائی صلاحیتوں کو بڑھا رہا ہے اور ایسے جدید جنگی طیارے میدان میں لا رہا ہے جنہیں بیجنگ چھٹی نسل کے قرار دیتا ہے۔ اس صورتحال میں امریکی نیوی پر شدید دباؤ تھا کہ وہ 2030ء کی دہائی میں جدید ترین طیاروں سے لیس ہو تاکہ بحرالکاہل کے خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھا جا سکے۔
اس معاہدے سے مسوری کے شہر سینٹ لوئس میں واقع بوئنگ کی فیکٹریوں کو نئی زندگی مل گئی ہے، جہاں F/A-18E/F سپر ہارنیٹ اور EA-18G گراؤلر کی پیداوار بند ہونے کے قریب تھی۔ اس سے قبل پینٹاگون کے حکام کو خدشہ تھا کہ دفاعی انڈسٹری میں بیک وقت دو چھٹی نسل کے فائیٹرز بنانے کی انجینیئرنگ صلاحیت ناکافی ہو سکتی ہے، تاہم کانگریس کی مداخلت اور مسوری کے قانون سازوں کے اصرار کے بعد فنڈنگ اور اس پروجیکٹ کو یقینی بنایا گیا۔
پینٹاگون کے چیف ویپنز بائر مائیکل ڈفی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ طیارہ امریکا کی قومی سلامتی اور طویل المدتی فضائی جنگی صلاحیتوں کے لیے ایک غیر متزلزل اور انتہائی اہم سرمایہ کاری ہے۔ نیا ’ایف اے ایکس ایکس‘ طیارہ جدید ترین اسٹیلتھ خصوصیات، بہتر رینج اور بغیر پائلٹ کے اڑنے والے لڑاکا طیاروں کے ساتھ ہم آہنگی کی صلاحیت سے لیس ہوگا۔ توقع ہے کہ اس کے پہلے پروڈکشن طیارے 2030ء کی دہائی میں باقاعدہ سروس کا حصہ بن جائیں گے۔
چین کو چیلنج :پینٹاگون کا سکستھ جنریشن کے اسٹیلتھ جنگی طیارے F/A-XXکیلئے بوئنگ سے تاریخی معاہدہ

