مورو (رپورٹ: محمد اسلم مغل)
مورو کے قریب گاؤں منگو خان ڈہر میں بااثر وڈیرے کا مزدور پر تشدد، انصاف کے لیے دیہاتیوں کا پریس کلب کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ۔تفصیلات کے مطابق، گاؤں منگو خان ڈہر کے رہائشی مزدور محمد چھٹل ڈہر پر زمین پر سوئے ہوئے حالت میں لاٹھیوں سے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا گیا۔ واقعے کی رپورٹ بااثر وڈیرے مرتضیٰ ڈہر، صداقت علی اور وقار ڈہر کے خلاف تھانہ فرید ڈیرو پر درج کرائی گئی ہے، تاہم متاثرین کے مطابق پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے ان کی سہولت کاری کر رہی ہے۔اس ظلم کے خلاف دیہاتیوں اور متاثرہ مزدور محمد چھٹل ڈہر، صدام اور طارق حسین ڈہر نے مورو پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا:"بااثر وڈیرے نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے ہمیں بے گناہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ہم زمین پر سوئے ہوئے تھے کہ ہتھیاروں کے زور پر یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ہم مسکین لوگ ہیں اور پولیس مدد کے بجائے بااثر وڈیرے کی سہولت کار بنی ہوئی ہے۔”مظاہرین نے آئی جی سندھ پولیس، ایس ایس پی نوشہرو فیروز میر روحل کھوسو اور ڈی ایس پی میڈم فائزہ سوڈھر سے فوری نوٹس لینے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرکے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انصاف نہ ملا تو وہ پریس کلب کے سامنے خودسوزی کرنے پر مجبور ہوں گے۔

