سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو
عدالت سے ڈپٹی کمشنر،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے۔بتایا گیا ہے کہ لیبر کورٹ گوجرانولہ ڈویژن میں ایک مقدمہ بعنوان امتیاز احمد بنام ڈی سی سیالکوٹ وغیرہ زیر سماعت ہے۔اس مقدمہ کے مطابق ٹیوب ویل آپریٹر امتیاز احمد نے اپنی فورمین کے عہدہ پر ترقی کے حصول کے لئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔لیکن ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے فاضل عدالت کے حکم کے باوجود فاضل عدالت میں تحریری جواب جمع نہ کروایا ہے تو فاضل عدالت کی جج شاہدہ سعید نے عدالت کی حکم عدولی کرنے پر مذکورہ تینوں آفیسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ تینوں آفیسران کو گرفتار کر کے 17 اکتوبر کو فاضل عدالت کے سیالکوٹ کیمپ میں پیش کیا جائے۔


