پاکپتن(رپورٹ:اکرام حسین شاہ )
پاکپتن کی سینٹرل جیل میں اسیران سے ملاقات کے لیے آنے والی دو خواتین کے سامان سے مبینہ طور پر چرس برآمد کر لی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق محمد نگر پاکپتن کی رہائشی زاہدہ بی بی اور منزہ شاہین اپنے زیرِ حراست رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے جیل پہنچیں، جہاں ایڈمن بلاک میں ڈیوٹی پر موجود جیل اہلکار ماجد نوید نے سامان کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران سامان میں موجود شیمپو کی بوتل سے مبینہ طور پر 100 گرام چرس برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق برآمد شدہ چرس میں سے 5 گرام بطور نمونہ فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے، جبکہ 95 گرام چرس کو بطور مالِ مقدمہ قبضے میں لے لیا گیا۔
پولیس نے دونوں خواتین کے خلاف مقدمہ نمبر 1364/26 درج کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے کر تھانہ صدر پاکپتن کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔




