-
5 سالہ مبشر مستوئی کھلے گٹر میں گر کر ڈوب گیا، ڈپٹی کمشنر سے تحقیقات اور مقدمے کا مطالبہ
-
نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
-
مزمل ٹاؤن میں انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث 5 سالہ معصوم بچہ کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا، واقعے کے بعد علاقے میں سوگ اور شدید غم و غصے کی فضا قائم ہے۔
تفصیلات کے مطابق 5 سالہ مبشر مستوئی صبح کے وقت گھر سے لاپتہ ہوگیا تھا، جس کے بعد اہلِ خانہ نے تلاش شروع کی۔ طویل تلاش کے بعد بچے کی لاش مزمل ٹاؤن میں موجود ایک کھلے گٹر سے برآمد ہوئی۔ لاش ملنے کی خبر پھیلتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا اور اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔
علاقہ مکینوں اور ورثاء کا کہنا ہے کہ مزمل ٹاؤن میں طویل عرصے سے متعدد گٹر بغیر ڈھکن کے کھلے پڑے ہیں، جن سے بچوں اور راہگیروں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ متعلقہ انتظامیہ اور حکام کو متعدد بار شکایات کے باوجود کوئی تدارک نہیں کیا گیا، جس کا نتیجہ اس دلخراش سانحے کی صورت میں سامنے آیا۔
ورثاء نے ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد اور متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کرائی جائیں، غفلت کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے اور تمام کھلے گٹروں کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ مزید کسی معصوم کی جان نہ جائے۔
نواب شاہ: مزمل ٹاؤن میں کھلے گٹر میں گر کر بچہ جاں بحق، ورثاء کا انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج


