لاہور: پنجاب پولیس کے فرض شناس اور دیانت دار عملے نے ایک بار پھر اعلیٰ اخلاقی اقدار کی روشن مثال قائم کر دی ہے۔ ٹریفک وارڈن سہیل وزیر ڈوگر نے ڈیوٹی کے دوران روٹین پیٹرولنگ کے دوران ٹمبر مارکیٹ سے ملنے والا ایک لاوارث بیگ، جس میں بھاری نقدی، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر اہم ضروری دستاویزات موجود تھیں، پوری ایمانداری کے ساتھ تلاش کر کے اس کے اصل مالک زین العابدین کے حوالے کر دیا۔
اس شاندار اور فرض شناس اقدام پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک وارڈن سہیل وزیر ڈوگر کو اپنے دفتر طلب کر کے ان سے ملاقات کی اور ان کی دیانت داری کو بھرپور انداز میں سراہا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹریفک وارڈن کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ "ٹریفک وارڈن سہیل ڈوگر کی ایمانداری اور فرض شناسی انتہائی متاثر کن ہے، ان کا یہ عمل دیکھ کر قلبی خوشی ہوئی۔” انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر قوم کا ہر فرد اپنی زندگی میں ایمانداری اور دیانت داری کا رویہ اپنا لے، تو ہمارا ملک بہت تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ خلوصِ نیت اور دیانت داری کے ساتھ اپنے فرائضِ منصبی سرانجام دینے والوں سے اللہ تعالیٰ بھی راضی ہوتا ہے اور ایسے ہی سپاہی اس محکمے اور ملک کا اصل فخر ہیں۔

