تھانہ بڈیانہ کی حدود میں ریڈ کے دوران ملزمان کی پولیس پر فائرنگ، 45 سالہ شاہ زمان ہلاک جبکہ دیگر ساتھی فرار
پسرور (محمد اشفاق)
تھانہ بڈیانہ کی حدود میں پسرور سیالکوٹ روڈ پر کھوئی سٹاپ سے ابدالی روڈ نزد ممتاز ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران متعدد مقدمات میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر ریڈ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران تحصیل پسرور کے علاقے بینی سلہریاں کا رہائشی 45 سالہ ملزم شاہ زمان ولد بشیر احمد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم شاہ زمان سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس نے موقع سے فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔



