لاہور:پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نویں جماعت کے خراب امتحانی نتائج پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری تعلیمی نظام میں بڑے پیمانے پر ہنگامی اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے۔ خراب نتائج کے حامل اساتذہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کے لیے ایک نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ طلبہ کے امتحانی نتائج کو براہِ راست اساتذہ کی کارکردگی سے منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اسکول تعلیم سے متعلق ایک اہم ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جہاں تعلیمی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران مریم نواز شریف نے 20 فیصد سے کم نتائج دینے والے اساتذہ کے خلاف فوری ایکشن کا حکم دیتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "سرکاری اسکولوں میں پوائنٹ اسکورنگ سے بات نہیں بنے گی بلکہ تعلیمی معیار میں حقیقی بہتری لانا ہوگی، اساتذہ کی محنت طلبہ کے رزلٹ میں نظر آنی چاہیے۔”
اجلاس میں صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کے لیے کئی انقلابی اور سخت فیصلے کیے گئے ہیں جس کے تحت ہر کلاس میں باقاعدگی سے ماہانہ اور سالانہ امتحانات کا سلسلہ شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری اسکولوں میں پڑھائی میں کمزور طلبہ کے لیے ‘ایوننگ کوچنگ’ (شام کی اضافی کلاسز) کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ کمزور طلبہ کو اسکول سے نکالنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے آئندہ 45 دن کے اندر ہیڈ ٹیچرز کی تمام خالی آسامیاں ہر صورت پر کرنے اور اسکولوں میں ‘سبجیکٹ سپیشلسٹ’ کی تعیناتی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
جبکہ شاندار تعلیمی نتائج دینے والے اسکولوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ضلع میں انعامات دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر تعلیم کو ہر سطح پر کڑی چیکنگ اور مانیٹرنگ کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ اسکولوں کی نگرانی کے لیے ’’یونیفائیڈ مانیٹرنگ ایپ‘‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور سے ‘لائبریری آن ویل’ (Library on Wheel) کا پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس میں تھری ویلر پر سولر چارجنگ کے ساتھ 20 ہزار سے زائد ڈیجیٹل بکس اور ویڈیو لرننگ لیکچرز کی سہولت میسر ہوگی۔
اجلاس کے دوران گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بھون (جھنگ) کے بہترین امتحانی نتائج پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ مظفر گڑھ اور لیہ کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ وزیراعلیٰ نے اسکولوں کی ڈسٹرکٹ وائز ماہانہ ریٹنگ کا ڈیٹا بھی طلب کر لیا ہے اور واضح کیا ہے کہ آئندہ ہفتے تک مکمل ٹائم لائن اور ریفارمز پلان پیش کیا جائے۔
نویں جماعت کے خراب نتائج پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا سخت نوٹس: ناقص کارکردگی والے اساتذہ کے خلاف نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ

