سکھر (رپورٹ: عبدالرحمٰن راجپوت )
ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی زیرِ صدارت سکھر میں ریونیو ریکارڈ کی ازسرنو تحریر اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔شرکائے اجلاس: اجلاس میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے نامور ماہر ڈاکٹر عبدالرحمٰن سندرانی، ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام شرکاء کو ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے فوائد اور اب تک کی پیش رفت سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالرحمٰن سندرانی نے لینڈ ریکارڈ سسٹم کو مزید شفاف اور جدید بنانے کے لیے تکنیکی رہنمائی اور تجاویز فراہم کیں۔ ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو ریکارڈ کی ازسرنو تحریر کے کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے تمام مراحل میں 100 فیصد درستگی اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ممکن ہو سکے۔

