عمرکوٹ (رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی)
ضلع عمرکوٹ میں سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت جاری سماجی تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے”ممتا پروگرام” کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس عمرکوٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II عمران آرائیں، سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ( ) کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر خدیجہ الکبرہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عمرکوٹ نور محمد شیخ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عمرکوٹ محمد اسلم بھٹی، ڈی ایم پی پی ایچ آئی شرف الدین میمن، ڈائریکٹر نادرا عمرکوٹ نور محمد بھنبھرو، محکمہ صحت کے ڈاکٹر وجے کمار، مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر عمرکوٹ خدیجہ الکبرہ نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے ضلع میں سماجی تحفظ کے حوالے سے جاری پروگرام، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین تک سہولیات کی فراہمی، مختلف فلاحی اقدامات اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ "اب تک ہم نے کل*83226* بینیفشری کی رجسٹریشن کی ہے، جس میں سے گزشتہ ماہ 18929 بینیفشری کی کمپلائنس ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ ہم ضلع عمرکوٹ کے*54* صحت مراکز پر کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "حکومتِ سندھ کی جانب سے عوام بالخصوص حاملہ خواتین اور ضرورت مند طبقات کے لیے شروع کیے گئے سماجی تحفظ کے ممتا پروگرام کے ثمرات حقیقی مستحق حاملہ خواتین تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے”۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سماجی تحفظ کے منصوبے پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو موجود سہولیات کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری محکموں اور غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان مؤثر رابطے کے ذریعے ضلع کے عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت سرانجام دیں۔ اجلاس میں ضلع عمرکوٹ میں سماجی تحفظ سے متعلق مختلف منصوبوں کی پیش رفت، مستحق افراد کی نشاندہی، عوام تک حکومتی سہولیات کی رسائی، اداروں کے درمیان رابطہ اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نوید الرحمان لاڑک نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں جاری فلاحی اور سماجی تحفظ کے اقدامات کی مؤثر نگرانی کریں، مستحق حاملہ خواتین کو بروقت سہولیات فراہم کریں اور کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سمیت تمام متعلقہ سرکاری محکمے اور فلاحی تنظیمیں باہمی رابطے کے ذریعے سماجی تحفظ کے پروگرام کو مزید مؤثر بنائیں گی اور عوام بالخصوص مستحق طبقات تک حکومتی اور فلاحی سہولیات کی رسائی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں.


