رانچی: جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے سینیئر لیڈر اور جھارکھنڈ کے اعلیٰ و تکنیکی تعلیم اور شہری ترقی کے وزیر سدیویہ کمار سونو کا انتقال ہو گیا، جے ایم ایم نے آج بروز اتوار اس بات کی تصدیق کی ہے۔
گرِیڈیہہ کے ایم ایل اے، جو سیاحت، آرٹس، کلچر، اسپورٹس اور نوجوانوں کے امور جیسی اہم وزارتوں کا چارج بھی سنبھالے ہوئے تھے، سنیچر کی دیر رات طبیعت اچانک بگڑنے کے بعد گرِیدیہہ کے مرسی ہسپتال میں چل بسے۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "جے ایم ایم کے ساتھی اور جھارکھنڈ حکومت میں وزیر، سدیویہ کمار کی بے وقت موت سے جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی فیملی شدید غمزدہ ہے۔”
جے ایم ایم نے مزید کہا کہ "ان کی رخصتی پارٹی، حکومت اور جھارکھنڈ کے لیے ایک ایسا نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔” وزیر موصوف نے شہر کے بس اسٹینڈ کے قریب واقع ہسپتال میں آخری سانس لی، جہاں انہیں سینے میں درد کی شکایت کے بعد لایا گیا تھا۔

