ڈھڈیال(منور حسین سے)
میاں مائر میں سرکاری گرانٹ سے تعمیر کی گئی گلی مبینہ طور پر گیٹ لگا کر بند کیے جانے کے باعث اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گلی کی بندش سے خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے، جبکہ مقامی افراد کے مطابق اس گلی کے علاوہ آمدورفت کے لیے کوئی متبادل راستہ بھی موجود نہیں۔میاں مائر کے رہائشی چوہدری یاسر ولد چوہدری جاوید نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ گلی کی مبینہ بندش کے خلاف پیرا فورس چکوال کو کئی روز قبل تحریری درخواست دی گئی تھی، تاہم تاحال کوئی مؤثر قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔اہلِ محلہ نے ایم پی اے چوہدری سلطان حیدر علی خان، ڈپٹی کمشنر چکوال، اسسٹنٹ کمشنر چکوال، ڈی پی او چکوال اور ایس ایچ او تھانہ ڈھڈیال کے سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر موقع پر انکوائری کرائی جائے، سرکاری گلی کو آمدورفت کے لیے بحال کیا جائے اور اگر خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گلی کی بندش کے باعث انہیں روزمرہ آمدورفت میں دشواری کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں کے لیے بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اہلِ محلہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے انہیں آمدورفت کا بنیادی حق فراہم کیا جائے۔

