صوابی (حق نواز خان )
ٹوپی: اتمان لویہ جرگہ ٹوپی رجسٹرڈ کی مسلسل اور مؤثر کاوشوں کے نتیجے میں گزشتہ تین سال کے دوران 611 تنازعات میں راضی نامے کرائے گئے ہیں، جس سے علاقے میں دشمنیوں کے خاتمے، باہمی اختلافات کے حل اور صلح و مشاورت کے رجحان کو فروغ ملا ہے۔اتمان لویہ جرگہ ٹوپی رجسٹرڈ کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرگہ کے صدر حبیب الرحمن، مولانا محمد قاسم خلیل، مولانا آصف مرزا، مولانا روشن زیب، الیاس خان ایڈووکیٹ اور سید عارف شاہ نے کہا کہ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے جرگہ نظام کی اہمیت آج بھی مسلمہ ہے۔
مقررین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بھی اصلاح، باہمی مشاورت اور لوگوں کے درمیان صلح کرانے کے عمل کو پسند فرماتا ہے۔ جرگہ مشران اگر اخلاص، حکمت اور غیرجانبداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں تو کئی ایسے تنازعات جو بعد میں دشمنیوں اور سنگین مسائل کی شکل اختیار کر لیتے ہیں، انہیں ابتدا ہی میں ختم کیا جاسکتا ہے۔تقریب میں اتمان لویہ جرگہ کی گزشتہ تین سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ جرگہ کی کوششوں سے اب تک 611 مختلف تنازعات میں فریقین کے درمیان راضی نامے مکمل کرائے جاچکے ہیں۔ جرگہ نے نہ صرف خاندانی اور مقامی تنازعات کے حل میں کردار ادا کیا بلکہ علاقے کے اجتماعی اور علاقائی حقوق کے لیے بھی مؤثر ایڈووکیسی کی ہے۔ڈی ایس پی نیاز گل خان نے جرگہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانون کا بنیادی مقصد عوام کو تحفظ فراہم کرنا، امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور اصلاحی جرگوں کے باہمی تعاون سے معاشرے میں امن کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ڈی ایس پی نیاز گل خان کا کہنا تھا کہ اصلاحی جرگوں کے تعاون سے علاقے سے منشیات، جرائم اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ اگر عوام پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تو تحصیل ٹوپی کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔مولانا محمد قاسم خلیل نے اتمان لویہ جرگہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ لوگوں کے درمیان صلح اور اصلاح کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ دو بھائیوں، خاندانوں یا فریقین کے درمیان صلح کرانے والا معاشرے میں نفرت کے بجائے محبت اور امن کو فروغ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر علاقے کے مشران اور جرگہ ممبران اپنی بہترین صلاحیتیں صلح اور اصلاح کے لیے بروئے کار لائیں تو بہت سی دشمنیاں جنم لینے سے پہلے ہی ختم کی جاسکتی ہیں اور آنے والی نسلوں کو نفرت، انتقام اور تنازعات کے بجائے امن اور بھائی چارے کا ماحول فراہم کیا جاسکتا ہے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتمان لویہ جرگہ ٹوپی آئندہ بھی غیرجانبداری، مشاورت اور اجتماعی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے عوامی تنازعات کے پرامن حل، علاقائی حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔


