ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے دو جونیئر وزراء نے کہا کہ بنگلہ دیش سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کے بیچ حال ہی میں ہونے والے دفاعی اتحاد میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی فیصلہ ملک کے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
سات اگست کو مکہ میں دستخط کیے گئے اس معاہدے کے تحت مشترکہ دفاع کا ایک فریم ورک قائم کیا گیا ہے اور یہ طے کیا گیا ہے کہ ان تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر بھی مسلح حملہ، تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
نومنتخب اسٹیٹ وزیر برائے امور خارجہ ہمایوں کبیر نے کہا کہ "بنگلہ دیش اپنے مفادات اور عالمی معیشت و تجارت کے بدلتے ہوئے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، سعودی عرب، پاکستان اور ترکی پر مشتمل معاشی یا دفاعی فریم ورک میں شامل ہونے کے امکان کے حوالے سے مثبت نقطہ نظر رکھتا ہے۔”
سرکاری خبر رساں ادارے ‘بی ایس ایس’ کی بنگلہ سروس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، کبیر نے کہا کہ حکومت "بنگلہ دیش فرسٹ” (پہلے بنگلہ دیش) کی پالیسی اور ایک متوازن خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے مرکز میں قومی مفادات ہیں، اور یہی پالیسی ڈھاکہ کو اس دفاعی معاہدے میں شامل ہونے کی طرف لے جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش معمول کی سفارتی مصروفیات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بھی مضبوط کرے گا، جس میں تجارت اور عوامی رابطوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

