مورو (رپورٹ: محمد اسلم مغل)
سول سرجن ڈاکٹر آفتاب اعظم سریوال کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سانگھڑ میں ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا کے حوالے سے ایک روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں سینیٹر قرۃ العین مری، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید، بچوں کے ماہر ڈاکٹر محمد صادق سیال، اورنگزیب مری، انیس الرحمان، پیپلز پارٹی کے تعلقہ صدر اعجاز حسین زرداری، تعلقہ جنرل سیکریٹری عمر گل ہنگورجو، یاسر مری سمیت ڈاکٹرز اور طبی عملے نے شرکت کی ورکشاپ میں ڈاکٹر نثار احمد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد صادق سیال نے تھیلیسیمیا کی بیماری، اس کی تشخیص اور علاج کے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی کے ڈاکٹر راحیل نے ہیموفیلیا کے مرض، مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔مقررین نے کہا کہ موروثی بیماریوں سے بچاؤ اور بروقت تشخیص کے لیے عوام میں آگاہی انتہائی ضروری ہے۔

