سیالکوٹ۔سلیم ا حمد اعوان شیخو
ایک شخص نے اپنے ہی علاقہ کی خاتون سے رات کی تاریکی میں اس کے گھر میں گھس کر بد اخلاقی کی۔بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ کوٹ بھندا میں رات کے وقت شاہد اپنے گھر میں سو رہا تھا کہ مذکورہ علاقہ کا رہائشی ثاقب رات کی تاریکی میں شاہد کے گھر داخل ہو گیا اور شاہد کے کمرہ میں گیا اور شاہد کی بیوی ہاجرہ کو زبردستی اٹھا کر دوسرے کمرہ میں لے گیا اس دوسرے کمرہ میں ثاقب نے ہاجرہ کے ساتھ زبردستی جنسی بد اخلاقی کرتے ہوئے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔اس دوران ہاجرہ نے مزاحمت کرتے ہوئے شور مچایا تو اس کی آواز سن کر اس کے شوہر شاہد کی آنکھ کھل گئی۔ شاہد دوسرے کمرہ کی طرف پہنچا تو ثاقب اسے دیکھتے ہی موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعہ کے بعد متاثرہ خاتون اور اس کے شوہر نے مذکورہ تھانہ کی پولیس سے رجوع کیا، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات اور ثاقب کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔

