چکوال مہتاب نصیر اعوان سے
آوارہ گدھے کے ایک خطرناک حملے نے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ آوارہ گدھے نے 7 سالہ بچے پر اچانک دانتوں سے شدید حملہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق واقعہ گاؤں سوہاوہ میں پیش آیا جہاں ایک آوارہ گدھے نے 7 سالہ بچے کو دانتوں سے کاٹ کر شدید زخمی کر دیا۔ حملے کے فوراً بعد علاقہ مکین بچے کی مدد کے لیے دوڑے اور اسے فوری طبی امداد کے لیے سب سے پہلے المصطفیٰ ٹرسٹ میڈیکل سنٹر دیوالیاں لایا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے زخموں کی ابتدائی صفائی اور مرہم پٹی کے بعد بچے کی حالت کو دیکھتے ہوئے اسے مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال ریفر کر دیا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال میں ڈاکٹروں نے بچے کو اینٹی ریبیز ویکسین کی پہلی خوراک لگا دی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کو ویکسین کا کورس مکمل کروانا ہوگا۔ علاقہ مکینوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور آوارہ گدھے کو پکڑ کر قید کر لیا ہے تاکہ یہ دوبارہ کسی اور شہری کے لیے خطرہ نہ بنے۔ تاہم گدھے کا نامعلوم مالک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اس واقعے کے بعد گاؤں سوہاوہ اور گردونواح میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر چکوال محترمہ سارہ حیات سے فوری اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لائیو سٹاک اینڈ ویٹرنری ڈیپارٹمنٹ چکوال کی ٹیم کو فوری طور پر گاؤں سوہاوہ میں زخمی بچے کے گھر بھیجا جائے۔ ٹیم آوارہ گدھے کا طبی معائنہ کر کے ریبیز اور دیگر بیماریوں کے حوالے سے رپورٹ دے اور آئندہ کے لیے اس کی تلفی کے متعلق فیصلہ کرے تاکہ علاقے کے مکینوں کی جان و مال محفوظ رہ سکے۔

