عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جمعہ کو معمولی تبدیلی دیکھی گئی، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ میں تعطل کے باعث اہم مشرق وسطیٰ خطے سے تیل کی سپلائی میں خلل کے خدشات کے نتیجے میں قیمتیں مسلسل دوسرے ہفتے اضافے کی جانب گامزن ہیں۔
جمعہ کو برینٹ کروڈ کے دسمبر کے سودے 4 سینٹ اضافے کے بعد 93.82 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے۔ گزشتہ سیشن میں برینٹ کی قیمت میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے سودے 6 سینٹ کمی کے بعد 86.78 ڈالر فی بیرل رہے، جبکہ گزشتہ سیشن میں اس کی قیمت 2.3 فیصد بڑھی تھی۔
گزشتہ پانچ مسلسل کاروباری سیشنز کے دوران برینٹ کی قیمت 7 فیصد سے زیادہ جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 8 فیصد سے زائد بڑھ چکی ہے، دونوں کی قیمتیں 24 جولائی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے غیر واضح انجام کے باعث سعودی عرب، عراق، متحدہ عرب امارات اور کویت جیسے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک سے سپلائی میں مسلسل کمی کا خدشہ ہے۔

