بلوچستان۔ رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز
اسلام آباد میں بلوچستان کے علاقے تربت ناصرآباد سے تعلق رکھنے والی طالبہ مینا حسن نے فرسٹ پرائم منسٹر یوتھ ایکسیلنس ایوارڈ کے لیے حتمی طور پر منتخب ہوکر نمایاں اعزاز حاصل کرلیا۔ ایوارڈ پروگرام کے لیے ملک بھر کی تقریباً 200 جامعات اور 900 سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کروائی، جن میں سے صرف 11 طلبہ کو حتمی انتخاب کے لیے نامزد کیا گیا۔ مینا حسن کو ان 11 منتخب طلبہ میں بلوچستان سے منتخب ہونے والی واحد بلوچ طالبہ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ان کی نامزدگی کو بلوچستان کی طالبات کے لیے بھی ایک قابلِ فخر کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ باوقار پروگرام 12 اگست کو عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جہاں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے نوجوانوں کی نمایاں صلاحیتوں اور کامیابیوں کے اعتراف میں یہ اعزاز پیش کیا گیا۔ مینا حسن کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی محنت، صلاحیت اور عزم کے ذریعے قومی سطح پر اپنی شناخت بنا سکتے ہیں۔


