سیکرامینٹو: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ٹیکنالوجی کی دنیا کا ایک اور بڑا انقلاب دستک دے رہا ہے، جہاں شاہراہوں پر خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی (Autonomous Driving) سے لیس وزنی ٹرکوں کی ٹیسٹ ڈرائیونگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ٹیک کرنچ کی رپورٹس کے مطابق، سیلف ڈرائیونگ ٹرک بنانے والی معروف کمپنیوں ’’اورورا انوویشن‘‘ اور ’’کوڈیاک اے آئی‘‘ کو کیلیفورنیا کے محکمہ موٹر وہیکلز (DMV) کی جانب سے پبلک سڑکوں پر اپنی ٹیکنالوجی جانچنے کے آفیشل پرمٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان اجازت ناموں کے ملتے ہی کوڈیاک اے آئی نے اپنی آزمائشی گاڑیاں سڑکوں پر بھی اتار دی ہیں، جن کی ابتدائی ٹیسٹنگ زیادہ تر ماؤنٹین ویو میں کمپنی کے دفاتر کے اطراف کی جا رہی ہے۔
تاہم، ابتدائی مرحلے کے سخت ضوابط کے تحت یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ ٹیسٹنگ کے دوران 10 ہزار پاؤنڈ سے زائد وزن کی حامل اور ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے کیبن میں انسانی سیفٹی آپریٹر موجود رہے گا۔ اس کے علاوہ ان ٹرکوں کو ان سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں ہے جہاں رفتار کی حد 25 میل فی گھنٹہ یا اس سے کم ہو، البتہ دو مقامات کے درمیان براہ راست روٹس پر کچھ استثنیٰ حاصل ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اس ٹیکنالوجی کے خلاف مزدور یونینز اور ڈرائیورز کی تنظیمیں کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔ ٹینکر اور ٹرک ڈرائیوروں کی نمائندہ یونین ’’ٹیمسٹرز کیلیفورنیا‘‘ نے ڈی ایم وی کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یہ دونوں کمپنیاں اپنی زیادہ تر آزمائشی سرگرمیاں ریاست ٹیکساس میں انجام دیتی رہی ہیں کیونکہ کیلیفورنیا میں وزنی خودکار ٹرکوں کی آمد پر سخت پابندیاں عائد تھیں۔

