بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے کلی سوران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد دہشتگرد زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر بڑی دہشتگرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے جدید اسلحہ و گولہ بارود، 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں اور آئی ای ڈی ڈیوائس برآمد ہوئی، جبکہ کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد مقامی افراد سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، جبکہ وہ خودکش حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ایک بڑی دہشتگردی کی کارروائی انجام دینے جا رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے، قوم دہشتگردی کے خلاف یکجان اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
پنجگور میں انٹیلی جنس بیس آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک

