دیر بالا(بیورو چیف ریاض ابوالخیل “دیس شیخ ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز () نے پولیس لائن دیر بالا میں ایلیٹ فورس اور ڈسٹرکٹ پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی۔ ڈی پی او دیر بالا نے دوبندو میں دہشت گردوں کے خلاف جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کی بہادری، عزم اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ڈی پی او دیر بالا نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس فورس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہمیں اپنے ان بہادر جوانوں پر فخر ہے جو امن و امان کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں۔ “میں تمام سپاہیوں کو اپنے بچوں کی طرح سمجھتا ہوں” اور ان کی فلاح و بہبود، تحفظ اور حوصلہ افزائی کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ڈی پی او دیر بالا نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں جوانوں کو ڈیوٹی کے حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کرتے ہوئے دوران ڈیوٹی مکمل چوکسی، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ رویے کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ملاقات کے اختتام پر ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز () نے پولیس جوانوں کے ہمراہ پاکستان زندہ باد، خیبر پختونخوا پولیس اور ایلیٹ فورس زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔


