نواب شاہ (وقار مغل، جام صاحب رپورٹر شہید بینظیر آباد): نواب شاہ میں تھانہ بی سیکشن کی حدود میں سانگھڑ روڈ پر خان پٹرول پمپ کے قریب معمولی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ساٹھ سالہ شخص شدید زخمی ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں 60 سالہ غلام سرور آرائیں دائیں ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد کے لیے پیپلز میڈیکل کالج ہسپتال (PMCH) نواب شاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے زخمی غلام سرور آرائیں نے بتایا کہ ان پر فائرنگ کرنے والا ملزم اصغر مغل ہے جو کہ فوجی کالونی کا رہائشی ہے، اور وہ فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
واقع کی اطلاع ملتے ہی بی سیکشن پولیس کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق نامزد فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
نواب شاہ: سانگھڑ روڈ پر معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ، 60 سالہ شہری شدید زخمی، ملزم فرار

