چنیوٹ (فرحان بلال سے)
چنیوٹ میں بھی 79ویں یومِ آزادی کی تقریبات قومی جوش و جذبے سے جاری ہیں۔ ہاکی اسٹیڈیم سیٹلائٹ ٹاؤن میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام پروقار پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان، ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف، ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی، ٹکٹ ہولڈر سید محمد رضا بخاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس ہرل، ضلعی افسران، منتخب نمائندگان، تاجران، میڈیا نمائندگان، اساتذہ، طلباء و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان، ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف، ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی اور دیگر نے قومی پرچم لہرایا ، پولیس ، ریسکیو اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا،طلباء و طالبات نے تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے جبکہ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے قومی جذبے کا اظہار کیا۔ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جو ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔بعد ازاں چناب کالج چنیوٹ میں بھی یومِ آزادی کے سلسلہ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان، ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف، کالج پرنسپل، اساتذہ اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی جبکہ طلباء و طالبات نے یومِ آزادی کے موضوع پر شاندار تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بھرپور سراہا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور بقاء کے لیے خصوصی دعا کی گئی

