کیلے فورنیا:میٹا کی ملکیت والے دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم ’واٹس ایپ‘ (WhatsApp) کو پیر کے روز ایک بڑے تکنیکی خلل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں صارفین کو پیغامات کے ساتھ میڈیا فائلز شیئر کرنے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
آؤٹیج کو ٹریک کرنے والے معروف پلیٹ فارم ’ڈاؤن ڈٹیکٹر‘ (Down Detector) کے مطابق پیر کی صبح سویرے سے ہی صارفین کی جانب سے شکایات کا انبار لگ گیا۔ رپورٹ ہونے والے مسائل میں سے 41 فیصد کا تعلق میسجنگ سے، 40 فیصد کا ایپ کے استعمال سے جبکہ 13 فیصد کا نوٹیفیکیشنز سے تھا۔ اگرچہ کچھ صارفین کے لیے عام ٹیکسٹ میسجز کا تبادلہ معمول کے مطابق جاری رہا، تاہم تصاویر، ویڈیوز، اسٹیکرز اور جی آئی ایفس (GIFs) بھیجنے میں یا تو انتہائی طویل وقت لگا یا پھر وہ اپ لوڈنگ کے عمل کے دوران ہی پھنس کر رہ گئے۔
واٹس ایپ کی اس بندش کا اثر کسی ایک خطے تک محدود نہیں بلکہ بھارت، برطانیہ، فرانس، برازیل، کینیڈا، میکسیکو، اسپین اور کولمبیا سمیت دنیا کے کئی ممالک میں محسوس کیا گیا، جس سے یہ ظاہر ہوا کہ خامی کسی مقامی نیٹ ورک کے بجائے مرکزی سرورز میں تھی۔ اس پریشانی سے جان چھڑانے کے لیے صارفین نے اسمارٹ فونز کو ری-اسٹارٹ کرنے، وائی فائی سے موبائل ڈیٹا پر سوئچ کرنے اور ایپ کو دوبارہ انسٹال کرنے جیسے روایتی طریقے بھی آزمائے، لیکن بیشتر افراد کے مطابق ان اقدامات سے کوئی فرق نہیں پڑا۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز بھی واٹس ایپ کی سروس میں معمولی خلل کی رپورٹس سامنے آئی تھیں، تاہم اب تک واٹس ایپ یا میٹا کی انتظامیہ کی جانب سے اس عالمی آؤٹیج یا اس کی وجوہات کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
دنیا بھر میں واٹس ایپ ڈاؤن: پاکستان سمیت کئی ممالک میں تصاویر، ویڈیوز اور میڈیا فائلز بھیجنے میں شدید مشکلات کا سامنا!

