راجستھان: بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے پرچپادرا میں ایک غریب کسان کے ساتھ پیش آنے والا ایک عجیب و غریب اور دل دہلا دینے والا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جہاں اپنی جمع پونجی کو چوری اور گھر والوں کے خرچ کرنے سے بچانے کی کوشش میں ایک کسان کی ساری محنت مٹی میں مل گئی۔
’ٹریبیون انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق منگی لال میگھوال نامی کسان نے گزشتہ برس ایک پلاٹ فروخت کیا تھا جس کے عوض اسے پانچ لاکھ روپے ملے تھے۔ کسان کو شدید خدشہ تھا کہ کہیں کوئی اس رقم کو چرا نہ لے یا اس کے گھر والے اسے خرچ نہ کر ڈالیں۔ اس کا انوکھا حل یہ نکالا گیا کہ ایک رات منگی لال خاموشی سے نوٹوں سے بھرا پلاسٹک کا شاپر لے کر اپنے کھیت میں گئے اور اسے زمین میں دفن کر دیا، جبکہ نشانی کے طور پر اس جگہ ایک لکڑی بھی گاڑ دی۔ تاہم، کچھ دنوں بعد وہ لکڑی وہاں سے غائب ہو گئی، لیکن کسان کو پکا یقین تھا کہ ضرورت پڑنے پر وہ اس مقام کو ڈھونڈ نکالے گا۔ گھر والے جب بھی رقم کے بارے میں پوچھتے، وہ اسے محفوظ ہونے کی نوید سناتے۔
جب گھر میں پیسوں کی سخت ضرورت پیش آئی تو منگی لال رقم نکالنے کھیت پہنچ گئے، لیکن کئی مقامات پر کھدائی کرنے کے باوجود وہ درست جگہ تلاش کرنے میں ناکام رہے۔ جب معاملہ قابو سے باہر ہو گیا تو انہوں نے اپنے بیٹوں کو بھی اس تلاش میں شامل کر لیا، مگر جب پھر بھی کامیابی نہ ملی تو کرائے پر ٹریکٹر منگوا کر پورے کھیت کی کھدائی کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹریکٹر کے ذریعے جب کھیت کھودا گیا تو ایک جگہ سے پلاسٹک کے شاپر کے بوسیدہ ٹکڑے برآمد ہوئے۔ جب اسی مقام پر مزید کھدائی کی گئی تو شاپر تو مل گیا، لیکن اس کے اندر موجود نوٹوں کا حشر دیکھ کر ان کے پیروں تلے زمین نکل گئی؛ کیونکہ ساری رقم کو دیمک چاٹ چکی تھی اور نوٹوں کے صرف چھوٹے چھوٹے اور ناقابلِ استعمال ٹکڑے ہی باقی بچے تھے۔
باقی ماندہ جمع پونجی کے اس طرح تباہ ہونے سے اس غریب خاندان کو شدید صدمہ اور مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک پریشان حال مرد اور خاتون کو پلاسٹک کے ٹب کے پاس بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں دیمک کے زد خوردہ نوٹوں کے ٹکڑے پڑے ہیں۔ اگرچہ ماہرین اور حالات کے مطابق یہ نوٹ اب بالکل بے کار ہو چکے ہیں، تاہم غریب منگی لال کو تاحال یہ امید ہے کہ شاید خراب ہونے کے باوجود یہ نوٹ کسی طرح تبدیل ہو سکیں اور ان کی محنت کی کمائی واپس مل جائے۔
بھارت میں دردناک واقعہ: ”یہ حکومت نہیں دیمک تھی“ کسان کی ساری جمع پونجی مٹی میں مل گئی!

