لاہور:وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت کام کرنے والے تمام ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور متعلقہ کمپنیوں سے تنخواہوں کی ادائیگی کی ماہانہ رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلٰی مریم نواز نے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر سخت نوٹس لینے کا حکم دیا اور کنٹریکٹرز کے بقایا جات کی بھی جلد سے جلد ادائیگی کی ہدایت کی۔انہوں نے صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے کی تاکید کی۔اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے صوبہ بھر میں صفائی کی صورتحال اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مارکیٹوں اور تجارتی علاقوں میں یکساں ڈسٹ بنزاور گاربیج بیگز کا استعمال یقینی بنایا جائے اور تجارتی مراکز سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے مخصوص اوقات کار مقرر کیے جائیں۔اس کے ساتھ ہی سڑکوں اور شاہراہوں کی دھلائی اور صفائی کا کام روزانہ صبح 5 بجے سے شروع کیا جائے اور تمام خالی پلاٹوں کی صفائی کی جائے جبکہ گھر گھر سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے نظام کو نافذ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، ریلوے ٹریکس، پارکوں، گرین بیلٹس، منڈیوں اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر صفائی کے اعلیٰ انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔اس کے علاوہ ستھرا پنجاب کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ پوائنٹس کی باقاعدگی سے دھلائی کا حکم دیا گیا، جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو کنٹریکٹرز اور واسا کے ایم ڈیز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ستھرا پنجاب” کے تمام ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت

