تہران :ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ عمان کے ساتھ مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں، لیکن مسقط کے ساتھ طے پانے والی مفاہمت کا یہ مطلب نہیں کہ آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔
عباس عراقچی نے صحافیوں کو بتایا: ’آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹریفک کے راستے کے تعین اور اس کے قانونی طریقہ کار و انتظام کے حوالے سے عمان کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور ہم معاہدے کے بہت قریب ہیں۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کا کھلنا دیگر شرائط سے مشروط ہے، جن میں امریکا کی جانب سے ’اسلام آباد مفاہمت نامے‘ کی خلاف ورزیوں کے ازالے (ہرجانے کی ادائیگی) کا معاملہ بھی شامل ہے۔
عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے ٹریفک کے راستے پر اتفاق رائے کے معاملے میں ’تکنیکی اور قانونی پیچیدگیوں‘ کے باعث، ایران اور عمان فی الحال ایک ایسے عارضی راستے پر اتفاق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے بعد میں ’مرکزی راستے کی بنیاد‘ سمجھا جائے گا۔
اس سے قبل، پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز صرف اسی صورت میں کھولی جائے گی جب امریکا ایران کی تمام شرائط تسلیم کر لے گا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز اسی وقت کھلے گی جب امریکا ایران کی تمام شرائط تسلیم کر لے گا۔
اگرچہ اطلاعات کے مطابق ایران اور عمان آبنائے ہرمز کے معاملے پر کسی مفاہمت کے قریب ہیں اور امریکی حکام اس آبی گزرگاہ کے جلد کھلنے کا کہہ رہے ہیں، تاہم پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز کا کھلنا مسقط کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں رکھتا۔
حسین محبی نے نامہ نگاروں کو بتایا: ’ہمارے لیے آبنائے ہرمز محض ایک تجارتی آبی گزرگاہ نہیں بلکہ طاقت اور قوت کا وہ ذریعہ ہے جو جغرافیائی اعتبار سے اسلامی جمہوریہ کے اختیار میں ہے اور دشمن اس آبنائے کو کھلوانے کے لیے ایران کی شرائط تسلیم کرنے پر مجبور ہے۔‘
اُنھوں نے مذاکرات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کے خلاف بھی خبردار کیا اور نشاندہی کی کہ عمان کے ساتھ مذاکرات تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
اس سے قبل امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے نامہ نگار باراک راویڈ نے ایک ثالث ملک کے سفارت کار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ ایرانی مذاکرات کار عمان اور امریکا کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنے ملک کی ’سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل‘ کی منظوری کے منتظر ہیں۔
مذاکرات حتمی مراحل میں، آبنائے ہرمز اس وقت کھلے گی ایران کی شرائط تسلیم کرلی جائیں گی، پاسداران انقلاب

