نواب شاہ (نمائندہ بے نقاب نیوز: نفیس آرائیں)
ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی سے تاجر اتحاد نواب شاہ کے وفد نے منیر کھوکھر اور کبیر ملک کی قیادت میں ملاقات کرکے گول چکرہ پر نصب کیے جانے والے بیرئیرز کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ بیرئیرز کی تنصیب سے ٹریفک کی روانی، کاروباری سرگرمیوں اور شہریوں کی آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے، لہٰذا اس ضمن میں تاجروں کی تجاویز کو بھی پیشِ نظر رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بیرئیرز کی تنصیب عوامی سہولت، ٹریفک کی بہتر روانی اور شہری مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گول چکرہ پر فوڈ اسٹریٹ کے قیام کا منصوبہ بھی زیرِ عمل ہے، جس سے شہریوں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔ تاجروں کے جائز تحفظات اور تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو تاجر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اپنی سفارشات ضلعی انتظامیہ کو پیش کرے گی۔ ملاقات میں ارسلان ستار قریشی، راؤ جاوید اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔

