ریاض :مشرق وسطیٰ اور بین الاقوامی تجارت کے لیے انتہائی اہم آبی گزر گاہوں کی حفاظت اور جہاز رانی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی زیرِ قیادت 14 ممالک پر مشتمل ایک نئے اور طاقتور کثیر القومی بحری دفاعی اتحاد (مُلٹی نیشنل میری ٹائم ڈیفنس الائنس) کا باضابطہ قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
دارالحکومت ریاض میں ہونے والے اعلیٰ سطحی عسکری اجلاس کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق، اس اتحاد کے بانی ارکان میں میزبان سعودی عرب کے علاوہ پاکستان، ترکیہ، کویت، بحرین، قطر، مصر، اردن، یمن، جبوتی، بنگلہ دیش، سوڈان، نائیجر اور صومالیہ شامل ہیں۔ اس اتحاد کا بنیادی مقصد عالمی میری ٹائم سکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا، بحری تجارت اور توانائی کی سپلائی لائنز کو محفوظ بنانا اور بین الاقوامی قوانین کے تحت سمندری حدود میں نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنانا ہے۔
اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ موجودہ عالمی منظرنامے میں باب المندب، بحیرہ احمر (ریڈ سی) اور خلیج عدن کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مشترکہ دفاعی بحری تعاون ناگزیر ہو چکا ہے۔ کمرشل جہازوں، آئل ٹینکرز اور اہم سمندری انفراسٹرکچر پر حملوں کو روکنے کے لیے تمام رکن ممالک مل کر لائحہ عمل طے کریں گے۔
بانی ممالک نے واضح کیا ہے کہ یہ اتحاد مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا ہدف کوئی بھی مخصوص ملک یا تنظیم نہیں ہے۔ اتحاد کا مستقل صدر دفتر، مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، اور میری ٹائم آپریشنز سینٹر سعودی عرب میں قائم کیے جائیں گے، جبکہ مملکت ہی اس اتحاد کی قیادت کرے گی۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے رکن ممالک کے مابین انٹیلی جنس اور معلومات کا تبادلہ، مشترکہ بحری مشقیں، تربیتی پروگرامز اور ہنگامی بنیادوں پر مشترکہ بحری کارروائیوں کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے گا۔ ریاض میں منعقدہ اس اہم ترین اجلاس میں 43 ممالک کے عسکری حکام اور یورپی یونین کے وفد نے بھی شرکت کی، جو اس عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے وسیع تر بین الاقوامی دلچسپی کا مظہر ہے۔اس طرح کے خطرات کو روکنے، ان کا مقابلہ کرنے اور گلوبل شپنگ لائن کے تحفظ کے لیے کثیر الجہتی دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔
بات چیت میں بحری دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے، آبنائے ہرمز، بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں مشترکہ خطرات سے نمنٹے کے لیے ایک مضبوط انسٹی ٹیوشنل فریم ورک کی تشکیل پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سعودی عرب کی سربراہی میں 14 ملکی میری ٹائم ڈیفنس الائنس تشکیل دے دیا گیا!پاکستان بھی شامل

