لاہور:صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن کو مخاطب کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا، "پیارے بھائی! ٹھنڈا پانی پئیں اور سر پر بھی ٹھنڈا پانی ڈالیں، صبح ہو گئی ہے۔”
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات مکمل ہو چکے ہیں اور وہاں کی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، جس سے شرجیل میمن کی تمام غلط فہمی اور جمع تفریق غلط ثابت ہو گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ درحقیقت پیپلز پارٹی کے پری پول دھاندلی کے تمام پروگرام ناکام ہو چکے ہیں، جبکہ الیکشن سے ایک رات قبل لیگی امیدوار نے بیلٹ پیپرز کے تھیلے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے گھر سے پکڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "آپ کا تیر کشمیر کی وادیوں میں گم گیا ہے جبکہ کشمیر میں ہر طرف شیر دھاڑ رہا ہے۔” آزاد کشمیر الیکشن کے پہلے مرحلے میں کشمیری عوام نے میاں نواز شریف کے ویژن اور حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جیت پر جشن منانے والے سیاستدانوں کو ہار پر بھی برداشت کرنا سیکھنا چاہیے اور ہر الیکشن میں ہارنے کے بعد پی ٹی آئی والا روایتی وطیرہ اپنانے سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے دوہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر گلگت میں آپ کی حکومت بن جائے تو کیا وہاں بہت شفاف الیکشن ہوتے ہیں، اور اگر آزاد کشمیر میں آپ ہار جائیں تو وہاں دھاندلی کا شور مچا دیا جاتا ہے؟ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایسے ڈبل اسٹینڈرڈز جمہوری سوچ رکھنے والی کسی بھی سیاسی جماعت کو زیب نہیں دیتے ہیں۔
"ٹھنڈا پانی پئیں اور سر پر ڈالیں، الیکشن ہارنے پر پی ٹی آئی والا وطیرہ مت اپنائیں”: عظمیٰ بخاری کا شرجیل میمن کو پیغام

