احمد آباد:ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے علاقے رامول میں ایک غیر قانونی پٹاخہ فیکٹری میں اچانک لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق اس فیکٹری کا لائسنس رواں سال 31 مارچ کو ختم ہو چکا تھا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس احاطے کو باقاعدہ سیل کر دیا تھا، تاہم یہ فیکٹری خفیہ طور پر چلائی جا رہی تھی۔
پولیس ڈپٹی کمشنر (DCP) میور پاٹل نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کے تمام دستے اور اہلکار ‘رتھ یاترا’ کے سکیورٹی انتظامات میں مصروف تھے، اور فیکٹری مالکان نے اسی پولیس کی مصروفیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے فیکٹری کو دوبارہ کھول کر کام شروع کر دیا تھا۔ اسی لاپرواہی اور غفلت کے نتیجے میں یہ بڑا حادثہ پیش آیا جس میں 10 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔
واقعے کے بعد پولیس اور مقامی انتظامیہ نے ایسے تمام غیر مجاز اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کر دیا ہے۔

