سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
سیالکوٹ میں جدید الیکٹرو بسوں کو آزمائشی طور پر شہر کی مختلف شاہراہوں پر چلایا گیا۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سیالکوٹ مظفر حیات کے مطابق 10 الیکٹرو بسیں گزشتہ ہفتے سیالکوٹ پہنچیں، جنہیں آزمائشی مرحلے کے تحت خواجہ صفدر روڈ، پیرس روڈ، ڈرماں والا چوک اور کچہری چوک سے گزارتے ہوئے لاری اڈا تک چلایا گیا۔
آزمائشی سروس کے دوران شہریوں نے سڑکوں پر جدید الیکٹرو بسیں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور بڑی تعداد میں موبائل فونز سے تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔
سیکرٹری آر ٹی اے مظفر حیات نے بتایا کہ الیکٹرو بس سروس کا باقاعدہ افتتاح آئندہ ہفتے متوقع ہے اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اوکاڑہ، چنیوٹ اور لیہ سمیٹ سیالکوٹ میں الیکٹرو بسوں کے افتتاح کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ضلع کی تمام تحصیلوں کے درمیان مجموعی طور پر 45 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں چار بسیں سیالکوٹ سے ڈسکہ اور چھ بسیں سیالکوٹ سے پسرور چلائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ الیکٹرو بس کا کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ طلبہ، خواتین اور بزرگ شہریوں کے لئے سفر مفت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بسیں ائرکنڈیشنڈ ہیں اور ان میں مسافروں کی سہولت کے لیے مفت وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

