مری (راشد مغل سے)
مری شہر کے کی سیاسی سماجی اور کاروباری سرگرمیوں کے معروف مرکز مال روڈ پر انتظامیہ کی کارروائیوں کے باوجود مختلف مقامات پر ٹھیلوں اور عارضی اسٹالز کی بھرمار برقرار ہے، جس پر سیاحوں اور شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔مال روڈ کے ایک حصے میں ہوٹلوں اور دکانوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، جبکہ دوسری جانب جگہ جگہ ٹھیلے، چاٹ، پان، مشروبات اور دیگر اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والوں نے گزرگاہوں پر قبضہ جما رکھا ہے۔ اس صورتحال کے باعث نہ صرف مال روڈ کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ سیاحوں کو پیدل چلنے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سیاحوں کا کہنا ہے کہ مال روڈ جیسے اہم سیاحتی مقام پر بے ہنگم انداز میں قائم اسٹالز اور ٹھیلوں کی وجہ سے رش، بدنظمی اور گندگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ متعلقہ ادارے اس صورتحال پر مؤثر کارروائی کرتے دکھائی نہیں دیتے۔شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر مال روڈ پر آپریشن جاری ہے تو پھر اس کا دائرہ کار ہر جگہ یکساں کیوں نہیں؟ ان کا کہنا ہے کہ منتخب مقامات پر کارروائی جبکہ دیگر علاقوں میں مکمل خاموشی انتظامی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔سیاحوں اور مقامی شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مال روڈ پر پیدل چلنے والوں کی سہولت، خوبصورتی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں اور گزرگاہوں پر قائم ٹھیلوں اور عارضی اسٹالز کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔

