لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکانِ صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین خان اور محمد عون جہانگیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی مسائل کے حل، صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو پنجاب کا تیسرا سرپلس بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی اور ‘اپنا کھیت، اپنا روزگار’ سکیم کے اجرا کو کسان دوست پالیسی قرار دیتے ہوئے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے گرین الیکٹرک بس منصوبے کو تحصیل لیول تک توسیع دینے کے اقدام کو بھی سراہا۔ ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری، بیوٹیفکیشن پراجیکٹس اور خاص طور پر محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی اور سرکاری سطح پر سبیلوں کے بہترین انتظامات نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ "عوام کی خدمت کا سبق ہمیشہ قائد محمد نواز شریف سے سیکھا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ دیہی مراکزِ صحت کی اپ گریڈیشن سے علاج معالجے کی سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں سوا لاکھ کے لگ بھگ گھر تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ارکانِ اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں عید میلاد النبیؐ کے لیے بھرپور تیاری کریں اور اس پرمسرت موقع پر بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں۔ دورانِ ملاقات مریم نواز شریف نے کاکاہنہ سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکانِ اسمبلی کے بھرپور اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی کوششیں بلا تعطل جاری رہیں گی

