کوٹ ادو:محمد آصف کی رپورٹ

کو ٹ ادو تونسہ بیراج چیک پوسٹ پر سی ایم سپیشل مانیٹرنگ ٹیم، فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران گندم کی مبینہ سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ذرائع کے مطابق سیمنٹ بردار براؤزر کی تلاشی کے دوران 800 سے زائد گندم کے بیگ برآمد کیے گئے، جن کی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والی گندم کو بلوچستان کے راستے افغانستان منتقل کیا جانا تھا۔کارروائی کے دوران گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا جبکہ ڈرائیور کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ ادارے سمگلنگ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ گندم کی غیر قانونی نقل و حمل اور سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات جاری ہیں اور قومی غذائی ذخائر کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

