نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
نواب شاہ کے گاؤں واحد بخش کے رہائشی گھوریانی برادری کے افراد نے پریس کلب نواب شاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ معمولی بات پر شروع ہونے والے تنازعے نے تصادم کی شکل اختیار کر لی، جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ظہیر حسین گھوریانی اور ذوالفقار علی گھوریانی نے بتایا کہ ان کے کزن شہزاد علی گھوریانی کی سبزی منڈی میں معمولی بات پر علی شیر گھوریانی کے بھتیجوں سے تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد انہوں نے معاملہ برادری کے بڑوں کے سامنے رکھا، تاہم مسئلہ حل کرنے کے بجائے مخالفین نے مزید اشتعال دلایا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعد ازاں مخالف فریق کلہاڑیوں، ڈنڈوں اور لوہے کی راڈوں سے لیس ہو کر بختاور کریڈٹ کالج کے قریب گاؤں واحد بخش گھوریانی پہنچا اور جھگڑا شروع کر دیا، جس میں ان کے تین افراد زخمی ہوئے۔متاثرین کے مطابق زخمی مختیار علی گھوریانی کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ کھڈھر پر درج کروا دی گئی ہے جبکہ پولیس کا تعاون بھی حاصل ہے۔ انہیں مخالفین سے جان و مال اور عزت کا خطرہ لاحق ہے، اگر انہیں یا ان کے اہل خانہ کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار حاجی خان گھوریانی، علی شیر گھوریانی، غلام عباس گھوریانی اور غلام شبیر گھوریانی ہوں گے۔انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، ادی فریال تالپر، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

