صوابی (حق نواز خان)
تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوپی کے سامنے ملک نثار محمد نے اہلِ علاقہ اور متاثرہ خاندان کے ہمراہ ایک ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنی قریبی رشتہ دار، سابق چیئرمین ملک نیاز محمد کی اہلیہ، کی مبینہ طبی غفلت کے باعث وفات پر شدید احتجاج کیا۔ملک نثار محمد نے الزام عائد کیا کہ خاتون زیرِ علاج تھیں اور دورانِ علاج عملے کی جانب سے غلط انجکشن لگایا گیا جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اہل خانہ نے عملے کو انجکشن کے ممکنہ ری ایکشن کے بارے میں آگاہ بھی کیا، تاہم بروقت توجہ نہ دی گئی جس کے نتیجے میں مریضہ کی حالت مزید بگڑ گئی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ خاتون کو بعد ازاں پشاور ریفر کیا گیا، جبکہ ان کے بقول مریضہ اس وقت تک وفات پا چکی تھیں۔ مزید بتایا گیا کہ سی ایم ایچ غازی میں معائنے کے دوران بھی خاتون کو مردہ حالت میں لائے جانے کی تصدیق ہوئی۔پریس کانفرنس کے دوران ملک نثار محمد اور دیگر مقررین نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے حکومتِ خیبرپختونخوا، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، ڈیوٹی پر موجود متعلقہ عملے کو معطل کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

