خیرپور/ہنگورجا (خصوصی رپورٹ فياض محسن سولنگي)
عالمی سطح پر جنگی کشیدگی میں کمی اور بین الاقوامی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود ضلع خیرپور کے مختلف شہروں، خصوصاً ہنگورجا، رانی پور، سوبھوڈیرو اور گردونواح کے علاقوں میں گھریلو استعمال کی ایل پی جی گیس بدستور من مانی اور بلند قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث عام شہری شدید پریشانی اور معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہو چکی ہیں تو مقامی سطح پر ایل پی جی گیس کے ڈیلرز اور پلانٹ مالکان قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کر رہے؟ عوام کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی گیس 450 روپے فی کلو یا اس سے بھی زائد نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہے، جو غریب اور متوسط طبقے کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض بااثر ایل پی جی پلانٹ مالکان اور ڈیلرز من مانی قیمتیں مقرر کرکے عوام کا استحصال کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ انتظامیہ اور قیمتوں کی نگرانی کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے اعلانات کیے جاتے ہیں تو اس کا فائدہ بھی عوام تک پہنچنا چاہیے، لیکن عملی طور پر ایسا دکھائی نہیں دیتا۔
عوامی حلقوں، سماجی تنظیموں اور شہری اتحاد کے رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر خیرپور، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے ایل پی جی پلانٹس اور گیس فروخت کرنے والوں کی فوری جانچ پڑتال کی جائے اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مصنوعی مہنگائی اور غیر قانونی قیمتوں کا سلسلہ جاری رہا تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء پہلے ہی مہنگی ہو چکی ہیں، ایسے میں ایل پی جی گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
عوام نے ڈپٹی کمشنر خیرپور، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ اداروں سے پرزور اپیل کی ہے کہ ضلع خیرپور میں ایل پی جی گیس کی غیر قانونی قیمتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے۔

