دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواکی خصوصی ہدایات اور عوامی شکایات کے پیش نظر ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سید زمان شاہ خان کی نگرانی میں انچارج ٹریفک دیر بالا بلال عنایت نے مختلف مقامات پر خصوصی چیکنگ اور ناکہ بندیوں کے دوران متعدد موٹر سائیکلوں سے غیر قانونی پریشر ہارن اور بدآواز سلینسر اتار کر ضبط کر لیے۔ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے کہا کہ غیر قانونی پریشر ہارن اور شور پیدا کرنے والے سلینسر نہ صرف عوامی پریشانی کا باعث بنتے ہیں بلکہ ٹریفک نظم و ضبط اور شہری سکون کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، حادثات کی روک تھام اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

