چکوال مہتاب نصیر اعوان سٹی رپورٹر بے نقاب نیوز
نواحی گاؤں سہگل آباد میں واقع گورنمنٹ سہگل ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول کے سینئر ٹیچر محمد ثقلین محمود کی طویل، شاندار اور قابلِ فخر تدریسی خدمات کے اعتراف میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اسکول کے تمام تدریسی و انتظامی عملے نے شرکت کی اور اپنے معزز ساتھی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔مہمانانِ خصوصی سابق پرنسپل جناب نثار احمد ملک اور موجودہ پرنسپل جناب آفتاب احمد ملک تھے، جنہوں نے اپنے خطابات میں محمد ثقلین محمود کی تدریسی خدمات، پیشہ ورانہ دیانت داری، طلبہ کی کردار سازی میں ان کے کردار اور ادارے کے لیے ان کی بے لوث کاوشوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ مقررین نے کہا کہ محمد ثقلین محمود نے اپنی پوری ملازمت کے دوران ذمہ داری، اخلاص اور محنت کی ایسی مثال قائم کی جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔اس موقع پر اساتذہ کرام اور عملے کے دیگر اراکین نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے محمد ثقلین محمود کے ساتھ گزرے یادگار لمحات کو بیان کیا اور ان کی خوش اخلاقی، تعاون اور ادارے سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

