قاضی احمد: رپورٹ سائیں بخش لاکھو
عمرکوٹ ضلع کے علاقے کنری سے ایک ماہ قبل مبینہ طور پر لاپتہ کیے گئے چار بہن بھائیوں کو قاضی احمد پولیس نے بازیاب کرا لیا۔پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر ڈی ایس پی رحیم بخش کھوسو کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد سے کراچی جانے والی مسافر کوچ کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے دوران دو بہنوں ماہین بھٹی اور راہیں بھٹی سمیت ان کے کمسن بھائی بران بھٹی اور اکرام علی کو بازیاب کرایا گیا۔کارروائی کے دوران شہلا نامی خاتون اور اس کے شوہر عرفان اللہ بھٹی کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ بازیاب کرائے گئے بچوں کو قاضی احمد تھانے منتقل کیا گیا، جہاں اطلاع ملنے پر عمرکوٹ پولیس رات گئے پہنچی اور بچوں سمیت زیر حراست مرد و خاتون کو اپنی تحویل میں لے کر عمرکوٹ روانہ ہوگئی۔پولیس ذرائع کے مطابق بازیاب کرائے گئے چاروں بچوں کو آج میرپورخاص کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق قانونی کارروائی کے دوران سامنے آئیں گے۔

