دیر بالا (بیوروچیف،ریاض ابوالخیل )
دیر بالا: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نوا نے شہید ہیڈ کانسٹیبل نصرمن اللہ کے ورثاء کو ایک کروڑ دس لاکھ روپے مالیت کا امدادی چیک حوالہ کیا۔یہ مالی امداد شہید پولیس اہلکار کی عظیم قربانیوں کے اعتراف اور ان کے اہل خانہ کی معاونت کے لیے فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے شہید کے ورثاء سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ڈی پی او دیر بالا نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اپنے شہداء کی بے مثال قربانیوں اور ان کے اہل خانہ کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پولیس فورس اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات کی تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی اور ان کے مشن کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں اور انہی قربانیوں کی بدولت معاشرے میں امن، استحکام اور قانون کی حکمرانی قائم ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس اپنے شہداء کے ورثاء کی سرپرستی اور معاونت کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور آئندہ بھی ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔

