حیدرآباد رپورٹ دلدار علی بلال
ورلڈ پلانٹیشن ڈے کے موقع پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ تعلقہ لطیف آباد کی جانب سے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ مہم کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، سرسبز ماحول کے فروغ اور عوام میں درختوں کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شیزا فاطمہ نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شجرکاری کے لیے پودے فراہم کیے اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر پودے لگا کر مہم کا افتتاح بھی کیا۔ مہم میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے افسران و عملے نے بھرپور شرکت کی اور ماحول دوستی کا عملی ثبوت پیش کرتے ہوئے پودے لگائے۔اس موقع پر شیزا فاطمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ”آج کا ایک پودا آنے والی نسلوں کے محفوظ، سرسبز اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔ درخت لگانا صرف ماحول کی خدمت نہیں بلکہ ہماری قومی اور سماجی ذمہ داری بھی ہے۔”انہوں نے عوام، سماجی تنظیموں اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور ملک کو سرسبز بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

