ملتان مہر آصف، بیورو چیف کے مطابق
ملتان کے علاقے کوٹ ربنواز میں فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹے کے قتل کے واقعے نے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔واقعے کے خلاف لواحقین اور اہلِ علاقہ نے مقتولین کی لاشیں وہاڑی روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے باعث اہم شاہراہ گھنٹوں بند رہی جبکہ ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے پیاروں کا خون بہا دیا گیا، مگر تاحال ملزمان قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔ لواحقین نے سوال اٹھایا کہ آخر عام آدمی کو انصاف کب ملے گا؟احتجاج کے دوران فضا سوگوار بھی رہی اور جذباتی بھی۔ مظاہرین انصاف کے حق میں نعرے لگاتے رہے اور ذمہ داران کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے رہے۔پولیس اور انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ تاہم لواحقین کا کہنا تھا کہ انہیں صرف وعدے نہیں بلکہ عملی کارروائی چاہیے۔اہلِ علاقہ نے خبردار کیا کہ اگر ملزمان کو فوری گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔

