لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور سیوریج و ڈرینج منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ای ٹینڈرنگ کے نظام کے ذریعے مجموعی طور پر 80 ارب روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری فنڈز عوام کی امانت ہیں اور ان کی پائی پائی کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں جاری تمام سیوریج اور ڈرینج منصوبے 30 جون تک ہر صورت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گلیوں، محلوں اور سڑکوں کو کھدائی کے بعد کھلا چھوڑنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ اس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 838,555 مین ہولز کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ مختلف شہروں میں 3,000 سے زائد مین ہولز میں نیٹ میش نصب کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام مین ہولز میں نیٹ میش جلد از جلد نصب کیے جائیں اور اس عمل میں تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کیا جائے۔
مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے 41 شہروں میں پہلی بار ڈرین نالوں اور سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا ہے، جس کے دوران 550 ٹن سلٹ اور گارا نکالا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2 لاکھ مین ہولز پر کور اور نئے ڈھکن نصب کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق مختلف شہروں میں 91 جیٹنگ اور سکشن مشینیں، 77 ڈی سلٹنگ مشینیں اور 100 ڈی واٹرنگ سیٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 51 شہروں میں 26100 لاگت کے ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ بارشی پانی کے 196 کلومیٹر طویل ڈرین سسٹم اور 3497 کلومیٹر طویل سیور لائنوں کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

