بی بی سی رپورٹ کے مطابق کرینا چھ ماہ کی حاملہ ہیں، لیکن ان کی پیٹ میں موجود بچہ ان کا اپنا نہیں ہے۔ مشرقی یوکرین کی رہائشی 22 سالہ کرینا ایک سروگیٹ ماں ہیں، جو ایک ایسے جنین سے حاملہ ہیں جو چین میں رہنے والے ایک جوڑے کے بیضے اور نطفے سے بنا ہے۔
18 سال کی عمر میں کرینا کا گھر اس وقت تباہ ہوا جب ان کا شہر باخموت 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے ابتدائی مرحلے میں ایک میدانِ جنگ بن گیا تھا۔
شہر کا بیشتر حصہ ملبے اور راکھ میں تبدیل ہو جانے کے بعد، وہ اور ان کے ساتھی دارالحکومت کیئو منتقل ہو گئے، لیکن انھیں مستقل روزگار تلاش کرنے میں مشکل پیش آئی۔
ایک دن جب کرینا ایک دکان میں کھڑی تھیں اور ان کے پاس صرف اتنے پیسے تھے کہ وہ روٹی اور اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی کے لیے ڈائپر خرید سکیں تو انھوں نے معاوضے کے عوض سروگیسی (کرائے پر کوکھ دینے) کا فیصلہ کیا۔
وہ واضح کرتی ہیں کہ اگر روس کا حملہ نہ ہوتا تو وہ کبھی بھی سروگیٹ ماں نہ بنتیں۔ اس حملے کے نتیجے میں لاکھوں افراد اپنی ملازمتوں اور کاروبار کھو چکے ہیں، افراطِ زر میں شدید اضافہ ہوا ہے اور یوکرین کی مجموعی قومی پیداوار میں بڑی کمی آئی ہے۔

