لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے مستحق افراد کے لیے فلاحی پروگرام ’مریم کو بتائیں‘ کے اجراء کا اعلان کردیا گیا۔
اس حوالے سے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ یکم رمضان المبارک سے ضرورت مند خاندانوں کی فوری مالی معاونت کے لیے ’مریم کو بتائیں‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوگا جس کے تحت مالی مشکلات کا شکار افراد 24 گھنٹے کے اندر 10 ہزار روپے تک امداد حاصل کرسکیں گے، اس سلسلے میں یکم رمضان سے ’مریم کو بتائیں‘ ہیلپ لائن 1000 فعال ہوجائے گی جہاں ضرورت مند افراد کال کرکے 10 ہزار روپے کی مالی امداد کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ امداد کے خواہشمند شہری ویب پورٹل یا موبائل ایپ پر اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے بھی درخواست جمع کرا سکیں گے، اس پروگرام کے تحت شفاف نظام کے ذریعے درخواست گزاروں کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور مستحق افراد کو بروقت مالی امداد فراہم کی جائے گی، ’مریم کو بتائیں‘ پروگرام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے لائیو ٹریکنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے، ڈیجیٹل ریکارڈ اور مؤثر مانیٹرنگ کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پی ایس ای آر میں رجسٹرڈ درخواست گزاروں کو اس پروگرام کے تحت مالی امداد 24 گھنٹے کے اندر منتقل کردی جائے گی جب کہ غیر رجسٹرڈ افراد کی تصدیق اور رجسٹریشن کے لیے 4 دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے، رمضان المبارک کے دوران ہر ضرورت مند تک حکومتی وسائل کی رسائی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کوئی بھی مستحق فرد امداد سے محروم نہ رہے۔

